موٹرسائیکل سوارحادثے کی نذر،ٹرک نذرآتش
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جوہرآباد کے علاقے شاہراہ پاکستان روڈ ایف بی ایریا واٹر پمپ چورنگی کباب جی ریسٹورنٹ کے قریب موٹر سائیکل پر سوار 2 نوجوانوں کو تیزرفتارٹرک نے کچل دیا۔
ایک نوجوان موقع پر جاں بحق اور اس کادوست عرفان شدید زخمی ہوگیا،موقع پر موجود عوام نے ٹرک ڈرائیور کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بناڈالا اس دوران مشتعل افراد نے ٹرک کو آگ لگادی،حادثے کے سبب سڑک پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔فائربریگیڈ کے عملے نے ٹرک میں لگی آگ پر قابو پایا ۔پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق نوجوان کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی۔شرافی گوٹھ کے علاقے لانڈھی مرتضی چورنگی کے قریب تیز رفتارگاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 65 سالہ راشد موقع پر جاں بحق اور 26 سالہ نوجوان صابر زخمی ہوگیا۔ڈیفنس کے علاقے مین قیوم آباد چورنگی کے قریب بس کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوارشخص جاں بحق ہوگیا،متوفی کی شناخت 45 سالہ ناظم ولد رشید کے نام سے ہوئی۔ شارع فیصل کارساز پی اے ایف بیس کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ضعیف العمر راہگیر جاں بحق ہوگیا۔نارتھ ناظم آبادسخی حسن چورنگی نادرا سینٹر کے قریب تیز رفتارگاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار نوجوان محمد انس ولد محمد رئیس جاں بحق ہوگیا،متوفی کی لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ۔ادھر کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے گودام چورنگی کے قریب نا معلوم گاڑی کی ٹکرسے موٹر سائیکل سوار 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔