پولیس کی وردی میں ملبوس ڈاکوؤں کی کارروائیاں تھم نہ سکیں،دوغیر ملکیوں کو لوٹ لیا گیا

پولیس کی وردی میں ملبوس ڈاکوؤں کی کارروائیاں تھم نہ سکیں،دوغیر ملکیوں کو لوٹ لیا گیا

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)شہر قائد میں وردی پوش ملزمان کی کارروائیاں تھم نہ سکیں، ڈیفنس خیابان مجاہد کے قریب غیر ملکیوں کو مبینہ طور پر پولیس جیسی وردی میں ملبوس ڈاکوؤں نے لوٹ لیا۔ڈی ایچ اے حکام کا کہنا ہے کہ واردات دو روز قبل ہوئی تھی۔

ڈاکوؤں نے پولینڈ سے آئے غیرملکیوں سے 1080 ڈالر چھینے ہیں۔حکام کے مطابق غیر ملکیوں کے پاس نہ ہی سیکیورٹی تھی اور نہ ہی انہوں نے کسی انتظامیہ کو اس بارے میں آگاہ کیا۔دوسری جانب درخشاں پولیس کا کہنا ہے کہ ہم نے غیر ملکی باشندوں کے بیانات لے لئے ہیں، واقعے سے متعلق کسی نے قانونی کارروائی نہیں کرائی۔درخشاں پولیس کا کہنا ہے کہ اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے ملزمان کی تلاش جاری ہے ۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں غیر ملکیوں سے لوٹ مار کا نوٹس لے کر ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سیاحوں کو لوٹنا اور زد و کوب کرکے تشدد کرنا نہایت حوصلہ شکن واقعہ ہے مذمت کرتے ہیں، غیر ملکیوں کو لوٹنے سے ملکی وقار خراب ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے کی وجہ سے سیاح اِدھر کا رخ کر رہے ہیں، مجرموں کو گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے ۔یاد رہے کہ رواں سال نیپیئرکے علاقے جمیلہ اسٹریٹ لیاری ایکسپریس کے قریب پولیس وردی میں ملبوس موٹرسائیکل سوار ملزمان نے لکڑی کے تاجر سے دولاکھ روپے سے زائد کی رقم لوٹی تھی جس کا مقدمہ تاجر محمد حسن نفیس کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں