حاملہ بیوی کوبیدردی سے قتل کرنے کا ملزم گرفتار

حاملہ بیوی کوبیدردی سے قتل کرنے کا ملزم گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سائٹ ایریا انویسٹی گیشن پولیس نے کھانا تیار نہ کرنے پر حاملہ بیوی کو بیدردی سے قتل کر کے فرار ہونے والے ملزم شوہر کو پولیس نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر سائٹ ایریا باوانی چالی کے قریب چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا ۔

اس حوالے سے ترجمان ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈسٹرکٹ کیماڑی اظہر جاوید کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گزشتہ ماہ 25 ستمبر کو ملزم حضرت بلال نے اپنی حاملہ بیوی اسما کو چھریوں کے وار کر کے شدید زخمی کیا تھا جو بعدازاں دوران علاج جاں بحق ہوگئی تھی۔سائٹ اے پولیس نے واقعہ کا مقدمہ مقتولہ کے بھائی حسن معاویہ کی مدعیت میں رواں ماہ 18 اکتوبر کو درج کیا گیا تھا، سائٹ اے پولیس نے مقدمہ درج کر کے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا جس نے خفیہ اطلاع ملنے پر بیوی کے قتل میں ملوث ملزم حضرت بلال کو گرفتار کرلیا۔ ملزم بلال نے عدالت کے روبرو اعترافی بیان میں اپنی بیوی کو معمولی بات پر قتل کرنے کا انکشاف کیا جس میں اس کا کہنا تھا کہ وہ دوپہر کے وقت گھر آیا اور کھانا مانگا جس پر بیوی نے کہا کہ کھانا ابھی تیار نہیں ہے اس بات پر طیش میں آکر اس نے بیوی کو چھریاں ماریں اور اس دوران مزاحمت پر مجھے بھی گردن پر چھری لگ گئی تھی۔ایس آئی او سائٹ اے راجہ غضنفر نے بتایا کہ زخمی ہونے کے بعد ملزم علاج کرا کر دوست کے گھر روپوش ہوگیا تھا تاہم اور اس سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں