مطلوبہ نفری سے کورنگی کو کرائم فری بناسکتے ، ایس ایس پی
کراچی (بزنس رپورٹر)ایس ایس پی کورنگی کامران خان نے کہا ہے کہ کورنگی صنعتی علاقے میں جرائم کے خاتمہ کیلئے بزنس فیسیلی ٹیشن ڈیسک کا قیام ناگزیر ہے ۔۔
جس سے تفتیش کا عمل تیز ہوگا اور غیر قانونی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) میں ظہرانے سے خطاب کے دوران کیا ۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر جنید نقی، ڈپٹی پیٹرن ان چیف زبیر چھایا، لاء اینڈ آرڈر کمیٹی کے چیئرمین دانش خان سمیت کاٹی کے دیگر ممبران بھی موجود تھے ۔ ایس ایس پی کورنگی کامران خان نے مزید کہا کہ کاٹی کے اشتراک سے مہران ٹاؤن سمیت کورنگی میں جرائم کے خاتمہ کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، جدید ٹیکنالوجی کے نظام کو فعال کررہے ہیں جس سے جرائم کی شرح میں کمی آئے گی۔ کورنگی صنعتی تھانہ ڈسٹرکٹ کا سب سے بڑا تھانہ ہے ۔ اس وقت پولیس کی نفری میں 1400 اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے جس پر آئی جی سندھ کو آگاہ کیا ہے ، نئے اہلکاروں کی تربیت کا عمل جاری ہے جلد نئی نفری بھی میسر ہوگی۔کاٹی سے باہمی تعاون سے جرائم کا سد باب کرنے کی کوشش کا عمل جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیسنگ کا نظام بہت پرانا ہے اسے جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں۔ ایس پی آفس میں بزنس کمیونٹی کی سہولت کیلئے ایک ڈی ایس پی سول تعینات کرنا چاہتا ہوں جو صنعتکاروں اور بزنس کمیونٹی کے ہی مسائل اور ان کے حل پر توجہ دے سکے گا ۔ اس سے قبل کاٹی کے صدر جنید نقی نے کہا کہ کورنگی صنعتی زون کراچی کا معاشی حب ہے ، گزشتہ کچھ عرصے سے جرائم میں کمی ہوئی ہے تاہم اسٹریٹ کرائم ابھی بھی قابو سے باہر ہے ۔