جماعت اسلامی نے گیس قیمتوں میں اضافہ مستردکردیا

جماعت اسلامی نے گیس قیمتوں میں اضافہ مستردکردیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے اورعوام پر گیس بم گرانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مزید اضافے کو مسترد کر دیا ۔۔

اور مطالبہ کیا ہے کہ اوگرا سوئی سدرن گیس کمپنی کو فی یونٹ (ایم ایم بی ٹی یو)53.5فیصد 669روپے اضافے کی ہر گز اجازت نہ دے اور گیس کمپنی کی اضافے کی درخواست کو رد کردے ، جماعت اسلامی اوگرا سماعت میں شریک ہوگی اور اس عوام دشمن فیصلے کی مخالفت کرے گی۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ گزشتہ 22ماہ میں گیس قیمتوں میں 450فیصد تک اضافہ کیا جا چکا ہے اور اس اضافے کے دائرے میں پروٹیکٹڈ صارفین بھی شامل ہیں، یہ عوام کے ساتھ سراسر ظلم و نا انصافی ہے ۔ عوام گیس کے بھاری بلوں سمیت بڑھتی ہوئی مہنگائی سے سخت پریشان ہیں، اس کے باوجود حکومت عوام پر مزید ظلم کرنے جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف گیس کے نرخوں میں بار بار اضافہ کیا جا رہا ہے اور دوسری جانب گیس کمپنی نے بھی کے الیکٹرک کی طرح مختلف بہانوں سے شہریوں سے اضافی بل وصولی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔منعم ظفر نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ کمپنی گیس کے تباہ حال انفرا اسٹرکچر کی بہتری کیلئے سرمایہ کاری کرے ، شہریوں کو بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائے اور اوور بلنگ سمیت دیگر شکایات بھی دور کی جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں