سکھر میں دھند،قومی شاہراہ پر سفر کے دوران مشکلات

 سکھر میں دھند،قومی شاہراہ پر سفر کے دوران مشکلات

سکھر(بیورو رپورٹ)اندرون سندھ موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی ٹھنڈی ہوائیں چل پڑیں ،سکھر اور گردو نواح میں دھند میں بھی اضافہ ہوگیا، قومی شاہراہ پر حد نگاہ کم ہوگئی،شہر میں گیس کی لوڈ شیڈنگ بھی برقرار ہے ۔

 تفصیلات کے مطابق سندھ کے دیگر شہروں کی طرح سکھر اور اسکے گردونواح کے علاقوں میں موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی گز شتہ رات سے چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں کے دوران دن میں بھی دھند چھائی رہی ،شہر کے مختلف علاقوں میں سردی کے باعث پڑنے والی دھند سے شہر میں مزید ٹھنڈ میں اضافہ ہونے کا امکان بڑھ گیا ہے ۔دوسری جانب سردی میں اچانک اضافے کے باعث شہر کی مصروف ترین سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر لنڈا بازار اور گرم کپڑوں کی دکانیں سجنا شروع ہوگئی ہیں۔ علاوہ ازیں رات اور صبح کے وقت قومی شاہراہوں پر دھند کے باعث ٹریفک کی آمد رفت میں ڈرائیور وں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،تاہم موٹر وے پولیس کی جانب سے فوگ (دھند)بڑھ جانے کی وجہ سے ڈرائیور وں کو غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کرنے کامشورہ دیاگیا ۔سردی میں اضافے کیساتھ ہی شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا بھی سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور کوئلہ ،لکڑیوں کی مانگ میں اضافے نے مذکورہ اشیاء کے نرخ بھی آسمان پر پہنچا دیے ہیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں