عباسی شہید اسپتال میں لیباریٹری نے کام شروع کردیا،ایکسرے مشین بھی فعال
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور عباسی شہید اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فیصل صمدانی کی ذاتی کاوشوں کے بعد عباسی شہید اسپتال لیباریٹری نے مکمل طور پر کام شروع کردیا۔
لیباریٹری میں 100 سے زائد ٹیسٹ کیے جارہے ہیں جبکہ 10سال سے بند ایکسرے مشین بھی فعال کردی گئی ہے ۔انتظامیہ کے مطابق آئندہ ہفتے سے سٹی اسکین کا بھی آغاز کردیا جائے گا۔لیباریٹری میں آنے والے مریضوں نے ٹیسٹ کے دوبارہ آغاز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عباسی شہید شہر کا تیسرا بڑا اسپتال ہے اور مریضوں کیلئے بہترین خدمات کی فراہمی اور کام دیکھ کر خوشی ہورہی ہے ۔ٹیسٹ کے لیے آئے ایک مریض کا کہنا تھا کہ اسپتال میں سہولیات کی فراہمی خوش آئند ہے ،امید ہے کہ مستقبل میں بھی یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔اسپتال کے عملے نے ڈائریکٹر ڈاکٹر فیصل صمدانی کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسپتال کی تاریخ میں اس سے قبل جو ٹیسٹ نہیں کیے جاتے اب ان کی سہولت بھی فراہم کردی گئی ہے ۔مریضوں نے کہا کہ غریبوں کو پرائیویٹ لیباریٹریوں میں جاکر ٹیسٹ کرانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔