امن وامان کیلئے اقدامات جاری،ڈی آئی جی ویسٹ

 امن وامان کیلئے اقدامات جاری،ڈی آئی جی ویسٹ

کراچی(آن لائن)ڈی آئی جی پولیس (ویسٹ) عرفان بلوچ نے کہا ہے کہ شہر بھر میں آئی جی پولیس غلام نبی میمن اور ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی سربراہی میں امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے۔۔

 ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ۔نارتھ کراچی صنعتی علاقے میں جرائم کے خاتمہ کی کوششوں کے ساتھ غیر قانونی سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے نکاٹی کے دورے کے موقع پر تاجروں اور صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ عرفان بلوچ نے مزید کہا کہ ہماری ہرممکن یہ کوشش ہوگی کہ انڈسٹریل ایریا کا لاء اینڈ آرڈر بہتر رہے تاکہ فیکٹری مالکان اور مزدورعدم تحفظ کا شکار نہ ہوسکیں اور کاروباری سرگرمیاں کسی رکاوٹ کے بغیر جاری رہ سکیں، یہی وجہ ہے کہ نکاٹی کے اشتراک سے نارتھ کراچی صنعتی علاقے سے باقی ماندہ جرائم کے خاتمہ کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں،پولیسنگ کا نظام بہت پرانا ہے اسے جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے ،اس کے علاوہ جدید ٹیکنالوجی کے نظام کو فعال کیا جارہا ہے جس سے جرائم کی شرح میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پولیس کی نفری میں 1400 سے 1500اہلکاروں کی کمی کا سامنا ہے اور اس حوالے سے آئی جی سندھ نے حکومت کو بھی آگاہ کردیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں