وفاقی کالونیوں کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے ، امین الحق

وفاقی کالونیوں کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے ، امین الحق

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم)پاکستان نے کراچی میں موجود وفاقی کالونیوں میں مقیم ریٹائرڈ ملازمین سے مکانات خالی کروانے اور پنشن روکنے کے معاملے کو سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اٹھانے کا اعلان کردیا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیوایم رہنما امین الحق نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان اسٹیٹ آفس کراچی کی جانب سے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن بند کرنے کے لیے اے جی پی آر کو لکھے گئے خط پر سینیٹ اور قومی اسمبلی کے فورمز پر یہ معاملہ اٹھائے گی۔ امین الحق نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن بند کرنے کی کوشش کو معاشی قتل سمجھتے ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ آفس کے قائم مقام ڈپٹی ڈائریکٹر کراچی ریٹائرڈ ملازمین کو تنگ کرنے کا سلسلہ بند کریں۔ ریٹائرڈ ملازمین کراچی کی وفاقی کالونیوں میں عرصہ دراز سے آباد ہیں۔ ایم کیوایم پاکستان ریٹائرڈ ملازمین سے سرکاری مکانات خالی کرنے کے معاملے کو ہر فورم پر اٹھائے گی۔ ایم کیوایم پاکستان کا وفد وفاقی وزیر ہاؤسنگ سے آئندہ چند روز میں ملاقات کرے گا اور اُن کے سامنے اسٹیٹ آفس کراچی اور وفاقی کالونیوں کے مسائل رکھیں گے ۔امین الحق نے مزید کہا کہ ایم کیوایم پاکستان کی کوشش ہے کہ ریٹائرڈ ملازمین سے مکانات خالی نہ کرائے جائیں اور ان کی پنشن بند نہ ہو، ایم کیوایم پاکستان ان مسائل کو فوری حل کرائے گی۔ ایم کیوایم پاکستان کسی ریٹائرڈ ملازم یا اس کے اہل خانہ کو بے دخل نہیں ہونے دے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں