بھکاری مافیاکو منظم طریقے سے کراچی منتقل کیا جاتا ہے ،صوبائی وزیر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیرمیر طارق علی خان تالپور نے کہا ہے کہ سماجی بہبود کا محکمہ پولیس اور دیگر محکموں کے ساتھ مل کر سڑکوں پر بچوں سے بھیک منگوانے والے مافیا کے خلاف اقدامات کر رہا ہے۔
سڑکوں پر بھیک مانگنے والے افراد کو روکنا پولیس کی ذمہ داری ہے ، اور انہیں حراست میں لینے کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر عدالت میں پیش کرنا ضروری ہے ،سڑکوں پر بھیک مانگنے والے مافیا کا مسئلہ پورے ملک کا ہے ، اس کے خاتمے کے لیے مختلف محکموں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بھیک مافیا کا کاروبار اربوں روپے پر مشتمل ہے اور یہ ایک منظم طریقے سے دیگر صوبوں سے کراچی منتقل کیے جاتے ہیں۔سماجی بہبود کا محکمہ 23 نومبر کو بچوں کا عالمی دن منا رہا ہے ، جس میں بچوں کے حقوق سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے گی۔ اس عالمی دن کا مقصد بچوں کے حقوق کو اجاگر کرنا ہے ۔