کوچ اور ٹرک نے باپ بیٹی سمیت 4افراد کی جان لے لی
لاڑکانہ، اندرون سندھ (بیورورپورٹ ، نمائندگان دنیا) خیرپور پل پر لاڑکانہ سے کراچی جانے والی کوچ کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار40 سالہ محنت کش منظور جتوئی۔۔
اور اس کی 13سالہ بھانجی صدوری جتوئی جاں بحق ہوگئی جبکہ حادثے میں ان کی 7سالہ بیٹی کونج اور 3سالہ پوتی صغریٰ بھی شدید زخمی ہوگئی جنہیں علاقہ مکینوں نے تشویشناک حالت میں ٹراما سینٹر لاڑکانہ منتقل کردیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے منظور جتوئی اور بھانجی صدوری دم توڑگئے ۔ محراب پور کے اکری تھانے کی حدود میں مہران ہائی پر تیز رفتار ٹرک کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار باپ بیٹی جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے ۔ موٹر سائیکل سوار عبد السمیع اجن، بیٹی 6 سالہ فاطمہ اجن اور زخمیوں کو نواب شاہ اسپتال منتقل کر دیاگیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق باپ بیٹی کا تعلق باندھی شہر سے تھا ۔ادھر مورو شہر کی موبائل مارکیٹ میں دو گروپوں میں تصادم ہوگیا جس میں ڈنڈے ، اینٹیں لگنے سے متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔ پڈعیدن ریلوے تھانے کی حدود خیرپور میں کراچی جانے والی گرین لائن ایکسپریس کی زد میں آکر خاتون کٹ کر جاں بحق اور بارہ سالہ بچی شدید زخمی ہوگئی۔ پڈعیدن ریلوے تھانہ کے انچارج ایس ایچ او سعید احمد راجپوت نے رابطہ کرنے پر بتایاکہ متوفی 20 سالہ فضاء بی بی اور بچی مینا کھوکھر خیرپور ریلوے اسٹیشن پر ریلوے لائن عبور کرنے کے دوران ٹرین کی زد میں آئیں ۔