کچرا منتقلی کیلئے روٹ اور وقت میں تبدیلی کی ہدایت
کراچی(اسٹاف رپورٹر )ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سید امتیاز علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں ہدایت دی گئی ۔۔
کہ جی ٹی ایس سے کچرا لینڈ فل سائٹ منتقلی کے لئے راستے اور وقت میں تبدیلی کردی جائے ، کیونکہ کراچی میں اس وقت نمائش آئیڈیاز 2024 کے سلسلے میں متعدد سڑکیں بند ہیں جس کی وجہ سے جی ٹی ایس سے کچرا لینڈ فل سائٹ منتقل کرنے کے لئے کافی دشواری کا سامنا ہے لہذا، سڑکیں بند ہونے کے باعث کچرے کے ڈمپر لوڈر،رات کے وقت جی ٹی ایس سے کچرا لینڈ فل سائٹ منتقل کریں گے ۔اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر طارق نظامانی کے علاوہ نجی کمپنیز کے عہدیداراور سالڈ ویسٹ کے متعلقہ افسران موجود تھے ۔ ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے کہا کہ رات 11 بجے کے بعد کچرا منتقل کرنے کا عمل شروع کیا جائے اور راستہ بھی تبدیل کیا جائے تاکہ آمدورفت میں زیادہ دقت پیش نہیں آئے ۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام ڈمپر ترپال سے ڈھکے ہونے چائیے جس کمپنی کے ڈمپربغیر ترپال لینڈ فل سائٹ پہنچے گے اس گاڑی کو لینڈ فل سائٹ پر دوبارہ آنے نہیں دیا جائے گا اسکا ٹریکنگ چپ بند کر دیا جائے گا اور کمپنی پر جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔علاوہ ازیں ٹرے کمپیکٹراور پی سی ٹی ایس میں کیونکہ گھر گھر سے کچرا اٹھانے کے بعد کچرا ڈمپ کیا جاتا ہے لہذا اسکی آمدورفت دن کے وقت میں ہی کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈمپر کے ذریعے کچرا مستقل بنیادوں پر رات کے اوقات میں ہی لینڈ فل سائٹ منتقل ہونا چاہیے ۔