موسم سرما کے ساتھ ہی گیس پریشر میں کمی معمول
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک )صوبائی دارالحکومت میں موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی گیس پریشر میں کمی اور بعض علاقوں میں گیس کاغائب رہنا معمول بن گیا ہے ۔
مختلف علاقوں میں گیس پریشر کی کمی کے مسئلہ برقرار ہے جس کی وجہ سے تندور مالکان ،ہوٹلز اوربالخصوص خواتین کو کھاناپکانے میں شدید دشواری کا سامنا ہے ۔صبح کے اوقات میں گیس پریشر نہ ہونے کی وجہ سے بیشترلوگ ناشتہ کئے بغیر ہی دفاتر جانے پر مجبور ہیں ۔اتوار کے روز تعطیل کے باوجود گلشن حدید ،لانڈھی، شاہ فیصل کالونی ،ناتھا خان گوٹھ ،سرجانی ٹاؤن،ناظم آباد، پی آئی بی کالونی ،نارتھ کراچی کے مختلف علاقوں، منگھوپیر، سائٹ، بلدیہ اور اورنگی میں گیس پریشر انتہائی کم ہونے کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔مختلف علاقوں شہری گیس سلنڈرز استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگی بجلی اور گیس کے باوجود شہری دونوں سہولتوں سے محروم ہیں۔ بڑھتی مہنگائی میں عوام کے لیے اخراجات پو را کرنا ویسے ہی مشکل ہے اس پر گیس بحران کی وجہ سے گیس سلنڈر خریدنے اور مہنگی گیس خریدنے پر مجبور ہیں۔شہریوں کا کہنا تھا کہ گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے ناشتہ اور کھانا پکانا انتہائی مشکل ہے جس کے باعث ہوٹلوں کا رخ کرنا پڑتا ہے ۔شہریوں کی جانب سے ہوٹلوں کا رخ کرنے کی وجہ سے ہوٹلوں پر رش بڑھ گیا۔روٹی پکوانے کے لئے طویل قطاریں دیکھی گئیں۔گیس بحران کے بعد ایل پی جی مافیا نے بھی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا۔