اورنگی ٹاؤن:جائیداد کے تنازعے پر بیٹوں نے ماں کو قتل کردیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)اورنگی ٹاؤن پریشان چوک کے قریب گھر سے خاتون کی لاش ملی۔ پولیس کے مطابق خاتون کو گلے میں رسی کی مدد سے پھندا لگا کر قتل کیا گیا۔
مقتولہ کی شناخت 40 سالہ عزت پری زوجہ امیر زادہ کے نام سے ہوئی ۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتولہ عزت پری کو اس کے دو بیٹوں نے قتل کیا۔ ملزم مختار اور خلیل موقع سے فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے ۔پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان کا اپنی ماں سے جائیداد کے معاملے پر جھگڑا چل رہا تھا تاہم گزشتہ روز ماں بیٹوں کے درمیان تکرار ہوئی جس پر دونوں بیٹوں نے رسی کی مدد سے ماں کا گلا دبا کر قتل کیا اور موقع سے فرار ہوگئے ۔واردات کے وقت مقتولہ کے 3 چھوٹے بچے بھی گھر میں موجود تھے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کرکے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔