مقدمات درج نہ کرنے پرکارروائی کا فیصلہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت آئی جی پی شکایتی سیل (سی ایم ایس)کی اب تک کی کارکردگی۔۔
شکایات کے ازالے اور اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس منعقدہوا۔سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقدہ اجلاس میں ڈی آئی جیز ہیڈکوارٹرز،آئی ٹی،اے آئی جی ایڈمن،شکایتی سیل،آپریشنز اور پی ڈی آئی ٹی نے شرکت کی۔ آئی جی غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ مقدمات کے عدم اندراج سے متعلق عوامی شکایات پر شکایتی سیل متعلقہ ایس ایس پی سے وضاحت طلب کرے گا۔ متعلقہ ایس ایس پی عوامی شکایات پر پولیس کی جانب سے مقدمہ درج نہ کرنے کی وجوہات اورذمہ داروں کا تعین کرکے جواب شکایتی سیل کو بھیجے گا۔ مقدمات کے اندراج میں ٹھوس شواہد کو نظرانداز کرنے ،ٹال مٹول،تاخیری حربوں سے کام لینے ،مدعی کو ہراساں اور عدم تعاون ثابت ہونے پر متعلقہ ایس ایچ او اور ایس آئی او کے خلاف پولیس قوانین کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے انہیں نوکری سے برخاست کردیا جائے گا۔شکایتی سیل پولیس ملازمین کی جانب سے موصول شکایات کو سنیں اور انہیں حل کرکے رپورٹ پیش کرے ۔