اینگرو کارپوریشن کاجاز،ویون گروپ کے ساتھ معاہدہ
کراچی(بزنس ڈیسک)اینگرو کارپوریشن نے پاکستان موبائل کمیونی کیشنزلمیٹڈ (جاز)اور اس کی پیرنٹ کمپنی ویون گروپ کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کا معاہدہ کرلیا ہے ،اس شراکت داری کا مقصد سستی ٹیلی کمیونیکشن سروسز کی فراہمی۔۔۔
وسیع پیمانے پر رسائی اورڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنے کی قومی کوششوں کو سپورٹ فراہم کرنا ہے ۔ یہ شراکت داری پاکستان میں ڈیجیٹل کنکٹوٹی کو توسیع دینے کیلئے ایک اہم قدم ہے ۔ اس شراکت داری کے تحت جاز کے ٹیلی کام کے انفرااسٹرکچر ایسٹس جو اس کی ذیلی کمپنی دیودار(Deodar)کے تحت ہیں اینگرو کارپوریشن کی ذیلی کمپنی اینگرو کنیکٹ میں شامل ہوں گے ۔ معاہدے کے تحت اینگرو دیودار کے 375ملین ڈالر قرض کی ادائیگی کی ضمانت دے گی اور جیز کو 187.7ملین ڈالر اضافی فراہم کرے گی۔ یہ ٹرانزیکشن کارپوریٹ، قانونی اور ریگولیٹری منظوریوں سے مشروط ہے ، یہ شراکت داری وسیع ٹیلی کام ایکوسسٹم کو فائدہ پہنچانے کیلئے کی گئی ہے ۔اینگرو کارپوریشن کے چیئرمین حسین داؤد نے کہاکہ یہ شراکت داری اینگرو اور پاکستان کے ٹیلی کمیونیکیشنز لینڈ اسکیپ کیلئے تبدیلی کا باعث ہے ۔ اپنے ٹاور شیئرنگ نیٹ ورک کو توسیع دے کر ہم بہتر اور زیادہ سستی کنکٹوٹی کے ساتھ کمیونیٹیز کو بااختیار بنانے کیلئے موبائل نیٹ ورک آپریٹرزکو کم قیمت پر ضروری خدمات فراہم کرنے میں مدد کررہے ہیں۔ اس شراکت داری کے ذریعے ویون کے جیز کے ساتھ ہمارے دیرینہ تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں ۔ اینگرو کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احسن ظفر سیدنے کہاکہ سستی اور قابل رسائی ڈیجیٹل کنکٹوٹی پاکستان کے روشن اور جامع مستقبل کی بنیاد ہے ۔ ویون گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کان ٹرزیوگلونے کہاکہ اینگرو کارپوریشن کے ساتھ شراکت داری پاکستان میں ہماری بڑی مارکیٹ جیز کو جدید ڈیجیٹل سروسز اور جدید ٹیکنالوجیزپر توجہ مرکوزکرنے کیلئے با اختیار بنائے گی۔