آرٹس کونسل الیکشن میں شفافیت اولین ترجیح،کمشنر

آرٹس کونسل الیکشن میں شفافیت اولین ترجیح،کمشنر

کراچی (این این آئی)کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا ہے کہ آرٹس کونسل کے الیکشن میں شفافیت ہماری اولین ترجیح ہے ۔

ماضی کے الیکشنز میں جو خامیاں سامنے آئی تھیں ان کو دور کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے ۔یہ بات انہوں نے اپنے آفس میں دی آرٹس فورم کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔وفد میں مبشر میر ،نجم الدین شیخ ،زیڈ ایچ خرم اور نسیم شاہ ایڈوکیٹ شامل تھے ۔کمشنر کراچی اور چیف الیکشن کمشنر آرٹس کونسل سید حسن نقوی نے اپنی پریس کانفرنس میں مبشر میر کی جانب سے اٹھائے جانے والے اعتراضات کے بعد دی آرٹس فورم کے وفد کو ملاقات کی دعوت دی تھی ۔آرٹس فورم کے وفد نے کمشنر کراچی کو ملاقات میں اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ماضی میں ہونے والے الیکشنز میں قواعد و ضوابط کی دھجیاں اڑائی جاتی رہی ہیں ۔22دسمبر کو ہونے والے الیکشن کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ انصاف کا تقاضا یہ ہے کہ اپوزیشن کو بھی اسی طرح برابر کے موقع حاصل ہوں ۔برسراقتدار گروپ کی طرح اپوزیشن کو بھی آرٹس کونسل میں اپنے پروگرامز کرنے کی آزادی ہونی چاہیے اور الیکشن کے حوالے سے تمام سرگرمیاں آرٹس کونسل کے اندر ہی ہونا چاہئیں ۔ وفد نے ممبرز کی فہرست کے حوالے سے بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ پولنگ کا عمل بائیومیٹرک طریقہ کار سے ہو ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں