سندھ آئی ٹی کے حوالے سے بھی شناخت قائم کریگا ،گورنر
کراچی (نیوزایجنسیاں )گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی سے تھر تک سندھ میں آئی ٹی کا جال بچھائیں گے اور سندھ اپنی سنہری تاریخ کے ساتھ ساتھ آئی ٹی کے حوالے سے بھی شناخت قائم کرے گا۔
انہوں نے یہ بات گورنر ہاؤس کراچی میں منعقدہ سندھ ثقافت ڈے کی مناسبت سے ہونے والی تقریب سے خطاب میں کہی۔تقریب میں ایران، روس، چین، جاپان، عمان، مراکش، یمن، بحرین، افغانستان اور بنگلادیش کے قونصل جنرلز اور متحدہ عرب امارات کے نائب قونصل جنرل بھی موجود تھے ۔ گورنر نے مزید کہا کہ انہوں نے گورنر ہاؤس کو عوام کی خدمت کا مرکز بنانے کی کوشش کی ہے ، وہ وقت دور نہیں کہ یہی آئی ٹی کورسز کرنیوالے طلبہ آئی ایم ایف کا قرض اپنی محنت سے اتاریں گے ۔اس موقع پرایم کیوایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ مختلف بنیادوں پر لوگوں کو لڑانے کی سازش کرنیوالوں کو اتحاد کے ذریعے ناکام بنا دیا جائے گا۔مصطفی قریشی نے اس موقع پرمختصر خطاب میں کہا کہ سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے میں یہاں کے سیکڑوں سینما گھر بھی پیش پیش تھے مگر اب ان میں سے زیادہ تر کو بند کیا جا چکا ہے ۔ اس اقدام نے فلمی صنعت سے وابستہ ہزاروں گھرانوں کو متاثر کیا ہے ۔مصطفی قریشی نے گورنر سندھ سے درخواست کی کہ وہ اس صنعت کی بحالی کے لیے سندھ کی سطح پر ٹھوس اقدام کریں۔تقریب میں سلیم احمد چانڈیو ،بزنس کمیونٹی کی نمائندہ شخصیات اورمفتی نعمان نعیم کے علاوہ دو ہزار کے قریب خواتین،مرد، بچے اور بزرگ بھی شریک تھے ۔