پیپلز بس سروس کے 40 اسٹاپس کی دو ماہ میں تعمیر کا فیصلہ

پیپلز بس سروس کے 40 اسٹاپس کی دو ماہ میں تعمیر کا فیصلہ

کراچی (این این آئی)حکومت سندھ نے پیپلز بس سروس کے 40 اسٹاپس کی تعمیر دو ماہ کے اندر مکمل کرنے اور سندھ بھر میں گاڑیوں کی جدید سائٹیفک فٹنس چیکنگ لازمی کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا۔

 سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس کراچی میں ہوا ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، پیپلز بس سروس کے پروجیکٹ ڈائریکٹر صہیب شفیق اور دیگر نیشرکت کی۔ اجلاس کے موقع پر بات کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز بس سروس کے 100 اسٹاپس کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے ، باقی اسٹاپس کا کام بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔ اجلاس میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ دو ماہ کے اندر جنوری 2025 تک باقی ماندہ 40 بس اسٹاپس پر بھی کام مکمل کرلیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ ٹرانسپورٹ کے نظام کو دنیا سے ہم آہنگ اور جدید بنانے کی خواہاں ہے ، پیپلز بس سروس کے جدید ترین بس اسٹاپ جدید، موثر، اور پائیدار نقل و حرکت کے لئے بہت اہمیت کے حامل ہیں، جدید بس اسٹاپس مسافروں کے لئے بیٹھنے کی بہترین جگہ اور موسم سے تحفظ فراہم کریں گے ۔ اجلاس کے موقع پر سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کو آگہی دی گئی کہ باقی بچ جانے والے اسٹاپس میں سے دو پر کام مکمل ہو چکا ہے ، دیگر پر بھی جلد از جلد کام مکمل کر لیا جائے گا۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گاڑیوں کی فٹنس کو یقینی بنانا روڈ سیفٹی اور ماحولیاتی تحفظ کا ایک سنگ بنیاد ہے ، باقاعدگی سے فٹنس چیکنگ حادثات کو ٹالنے اور نقصان دہ اخراج کو روکنے کے لئے اہم ہے ، فٹنس چیکنگ کاربن فوٹ پرنٹ میں کمی اور عوام کے تحفظ کو یقینی بناتی ہے ۔ انہوں نے گاڑیوں کی فٹنس چیکنگ یقینی بنانے کے سیکریٹری ٹرانسپورٹ کو ضروری اور سخت اقدامات کی ہدایات کی اور کہا کہ حادثات کی روک تھام اور ماحولیات کے تحفظ کے لئے گاڑیوں کی فٹنس چیکنگ ناگزیر ہے ، گاڑیوں کی رجسٹریشن اور رجسٹریشن کے منتقلی اور ٹیکس ادائگی کے وقت بھی گاڑیوں کی فٹنس کا موثر نظام لایا جائے ۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہر ایک سال کے اندر گاڑیوں کی لازمی فٹنس چیکنگ کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں، فٹنس قوانین پر عمل نہ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں