پولیس چیف کا چار جڈ پا رکنگ مافیا کیخلاف کارروائی کا اعلان

پولیس  چیف  کا  چار جڈ  پا رکنگ  مافیا   کیخلاف  کارروائی  کا اعلان

کراچی(آن لائن،اسٹاف رپورٹر)کراچی پولیس چیف جاویدعالم اوڈھو نے چارجڈ پارکنگ مافیا کے خلاف کارروائی کا اعلان کردیا۔

انہوں نے کہاکہ متعلقہ اداروں کو لیٹر لکھوں گا، چارجڈ پارکنگ کے مقام پر نمایاں بورڈ آویزاں کیے جائیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کراچی الیکٹرونک ڈیلرز ایسوسی ایشن سے ملاقات میں کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں سے چارجڈ پارکنگ کے نام پر بھتہ نہیں لینے دیا جائے گا۔کراچی پولیس چیف نے کہا کہ پارکنگ کی فیس کا نرخنامہ آویزاں نہیں تو آپ پولیس کی طرف سے لگا دیں، چارجڈپارکنگ کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو لیٹر لکھاجائے گا۔ عوام سے بھی گزارش ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کریں، ٹریفک قوانین توڑنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں موبائل چھینے کے واقعات میں کمی آئی ہے ، سی پی ایل سی کے ڈیٹا کے مطابق 8 ہزار 1سو موبائل کم چھینے ہیں۔ کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان نے کہا کہ صدر اوراطراف میں پارکنگ کے مسائل ہیں، پارکنگ کے اضافی چارجز وصول کیے جاتے ہیں۔ رضوان عرفان کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس اہلکار ٹریفک چلانے کی بجائے چالان کررہے ہیں، جس سے ٹریفک کے گھمبیر مسائل جنم لے رہے ہیں۔علاوہ ازیں جاوید عالم عالم اوڈھو نے ویسٹ زون میں زیر تعمیر ماڈل تھانے اورنگی ٹاؤن اور نارتھ ناظم آباد کا دورہ کیا۔اس موقع پر ڈی ائی جی ویسٹ ، ایس ایس پی ویسٹ اور سینٹرل و دیگر پولیس افسران موجود تھے ۔ڈی ائی جی ویسٹ زون نے ڈسٹرکٹ ویسٹ میں زیر تعمیر ماڈل تھانہ اورنگی ٹاؤن اور سینٹرل میں تھانہ نارتھ ناظم آباد کے حوالے سے پولیس چیف کو آگاہی فراہم کی۔پولیس چیف نے ماڈل تھانوں کے کنسٹرکشن ورک میں پیشرفت کا جائزہ لیا۔ تھانوں کے ڈیوٹی آفیسرز روم، لاک اپ اور دیگر رومز کابھی وزٹ کیا اور تعمیراتی کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ماڈل پولیس اسٹیشنز کا مقصد عوام کے لئے جدید سہولیات سے آراستہ تھانوں کا قیام، پیشہ ورانہ پولیس افسران کی تعیناتی، پولیس اور عوام کے درمیان دوستانہ ماحول اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں