بھاری مقدارگٹکاسپلائی کرنے کی کوشش ناکام ، ملزم گرفتار

بھاری مقدارگٹکاسپلائی کرنے کی کوشش ناکام ، ملزم گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پولیس نے شہر میں گٹکے کی سپلائی کی بڑی کوشش ناکام بنادی،خفیہ اطلاع پرگٹکے سے لدی مال بردار پک اپ تحویل میں لے کرسجاد احمد نامی ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

 تفصیلات کے مطابق گٹکا بلوچستان سے تیاری کے بعد فروخت کے لئے لانڈھی سپلائی کیا جاتاتھا ۔ایس ایس پی وسطی ذیشان شفیق صدیقی کے مطابق حیدری مارکیٹ پولیس نے گٹکے کی سپلائی کی شہر میں بڑی کوشش ناکام بنادی ہے ،پولیس نے خفیہ اطلاع پر ریکی کرتے ہوئے تعاقب کے دوران گٹکے سے لدی مال بردار پک اپ تحویل میں لی۔ چیمبر گاڑی کے ذریعے ہزاروں گٹکے کی پڑیاں برآمد کی گئی ہیں ۔درجنوں بوروں میں پیکنگ کے بعد انتہائی ماہرانہ انداز میں گٹکا بلوچستان سے کراچی سپلائی کیا گیا تھا ۔ ایس ایچ او حیدری مارکیٹ انسپکٹر ندیم حیدر نے اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے گٹکے کی سپلائی کی بڑی کوشش کو ناکام بنایا ہے ۔ تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ گٹکا بلوچستان سے تیاری کے بعد سوزوکی کے ذریعے لانڈھی سپلائی کیا جانا تھا۔ لانڈھی میں گٹکے کی بڑے پیمانے پرفروخت اور سپلائی لائن میں طاہر دین نامی شخص کا اہم کردار ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم نے انٹروگیشن میں بتایاکہ تیار شدہ گٹکا ماوا خفیہ طورپر شہر بھر میں سپلائی کیا جاتاہے جس کا مرکز حب چوکی ہے ۔ پولیس نے سجاد احمد نامی ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔پولیس کے مطابق دیگر افراد کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں