ماہرین کاصحت کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات پرزور
کراچی(اسٹاف رپورٹر)بحریہ یونیورسٹی ہیلتھ سائنسز کراچی کیمپس (بی یو ایچ ایس سی کے ) نے ’’ماحولیاتی تبدیلی اور صحت: ابھرتے ہوئے چیلنجز اور حل‘‘ کے موضوع پر چھٹی نیشنل کانفرنس پیر کو ابنِ سینا آڈیٹوریم میں منعقد کی ۔
اپنے ابتدائی خطاب میں ڈائریکٹر جنرل بحریہ یونیورسٹی وائس ایڈمرل (ر) اطہر مختار ماحولیاتی تبدیلی کے صحت پر اثرات کو حل کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ماحولیات کی پالیسیوں کو عوامی صحت کی حکمت عملیوں کے ساتھ مربوط کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر مہتاب کریم، آغا خان یونیورسٹی کے پروفیسر امریطس نے ماحولیاتی تبدیلی کے عالمی صحت پر اثرات کے موضوع پر خطاب کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار بھٹہ، عالمی سطح پر معروف صحت کے ماہر نے ماحولیات کے چیلنجز کے تناظر میں بچوں اور ماؤں کی صحت پر روشنی ڈالی ،ڈاکٹر خالد محمود نے فارماسیوٹیکل صنعت کے کردار پرگفتگو کی۔ مہمان خصوصی وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید قریشی نے ماحولیاتی تبدیلی کے صحت پر اثرات کو حل کرنے میں تمام فریقوں کی مشترکہ ذمہ داری پر زور دیا اور ماحولیاتی پالیسیوں کو عوامی صحت کی حکمت عملیوں کے ساتھ یکجا کرنے کی ضرورت پر اظہار خیال کیا۔ ڈین ہیلتھ سائنسز، میجر جنرل (ر) پروفیسر ڈاکٹر شہلا بقائی نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی اور صحت کے مسائل کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے ۔