ٹیکس وصولی نظام تاجر دوست بنانے کی کو ششیں جاری:ارشاد حسین
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے مالی تعاون سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ٹرانسفارمیشن کیلئے اعلیٰ سطح پر کوششیں جاری ہیں۔
تاکہ ملکی ترقی کیلئے ٹیکسوں کی وصولی کے نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ایف بی آر کو تاجر دوست ادارے کے طور پر پروان چڑھایا جا سکے ۔ یہ بات فیصل آباد کے چیف کمشنر اِن لینڈ ریونیو ارشاد حسین نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں تاجر تنظیموں کے سربراہوں اور تاجر رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ کے دائرہ کار کو بڑھانے کیلئے ایف بی آر کے پاس ڈیٹا موجود ہے تاہم متعلقہ سٹاف کو تربیت دی جارہی ہے تاکہ وہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے اِس کے درست استعمال کو یقینی بنا سکے ۔چیف کمشنر اِن لینڈ ریونیو کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ محاصل کیلئے موجودہ ٹیکس گزاروں پر ہی مزید بوجھ ڈالنے کے سلسلہ کو بند کیا جا سکے ۔