ایف 8 انٹرچینج منصوبہ جلد مکمل کیا جائے، چیئرمین سی ڈی اے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے گزشتہ صبح جناح ایونیو ایف 8 انٹرچینج منصوبے کا اچانک دورہ کیا۔
محمد علی رندھاوا کو منصوبے پر جاری تعمیراتی کاموں کی پیش رفت پر متعلقہ حکام نے بریفنگ دی۔ انہیں بتایا گیا کہ جناح ایونیو ایف 8انٹرچینج منصوبے کا انڈر پاس صرف 42روز میں مکمل ہو گا، 75فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے۔ جناح ایونیو ایف 8انٹرچینج منصوبے کا انڈر پاس 25دسمبر کو ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔ منصوبے کے تمام حصوں پر کام شیڈول کے مطابق تیزی سے جاری ہے، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ منصوبے کے فلائی اوور اور انڈر پاس پر بیک وقت کام جاری رکھا جائے اور منصوبے کوجلد اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔ دریں اثنا چیف کمشنر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیرصدارت کرسمس تقریبات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، انہوں نے ہدایت کی کہ شہر کے مختلف مقامات کو برقی قمقموں اور کرسمس ٹری سے سجایا جائے۔