عوام کو دہلیز پرطبی سہولت دینا چاہتے ہیں ،وزیر صحت
کراچی(آن لائن) وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کو صحت کی جدید سہولتیں بہم پہنچانے کے لیے حکومت کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی اور حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو ان کی دہلیز پر بہترین علاج ملے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اوجھا کیمپس میں صحت اور تعلیم کے مختلف جاری اور نئے پروجیکٹس کے معائنے اور عمارت کا سنگ بنیاد رکھنے کی تختی کی نقاب کشائی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔۔ ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی، پرووائس چانسلر پروفیسر جہاں ارا ،ڈاکٹر اظہار حسین ،ڈاکٹر سعدیہ ڈاکٹر نسرین ناز ڈاکٹر فخشینہ انجم اور دیگر بھی موجود تھے قبل ازیں انہوں نے ڈاؤ انسٹیٹیوٹ اف ریڈیولوجی میں نئی ایکس رے ،سی ٹی اسکین اور ایم آر ائی کے جدید مشینوں کا معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ڈاکٹر نسرین ناز نے انہیں مشینوں کے بارے میں تفصیلات سے اگاہ کیا بعد ازاں انہوں نے ڈاؤ یونیورسٹی میں زیر تکمیل نیو گرلز ہاسٹل کی عمارت کا معائنہ کیا جس کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے پروجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر عبدالرحیم خانزادہ نے بتایا کہ 350 طالبات کے لیے بننے والا یہ ہاسٹل تمام جدید سہولیات سے آراستہ ہوگا ایک ارب 30 کروڑ روپے کی لاگت سے اس کی تعمیر دسمبر 2023 میں شروع ہوئی اور اس کی تکمیل کا ہدف جون 2025 رکھا گیا تاہم یہ جنوری کے آخر تک مکمل ہو جائے گا ۔