آبی بحران،جماعت اسلامی کے 15مقامات پرمظاہرے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت، قابض میئر اور واٹر کارپوریشن کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کے باعث شہر بھر میں جاری پانی کے شدید بحران کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت کراچی میں ہفتہ کو 15مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔
فریسکو چوک برنس رو ڈ پر ہونے والے مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، امیر ضلع جنوبی سفیان دلاور و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ منعم ظفر خان نے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کراچی کے شہریوں کو مہنگے داموں ٹینکروں کے بجائے نلکوں میں پانی دیا جائے ، ٹینکر مافیا کو ختم اور حکومتی سرپرستی بند کی جائے ، کے فور منصوبہ فوری مکمل کیا جائے ، پانی کی فراہمی شروع نہ کی گئی تو ہم مشاورت کے بعد بہت جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو نلکوں میں پانی نہیں دیا جاتا۔ صوبائی حکومت اور کے ایم سی عوام سے ٹیکس پورا وصول کرتی ہیں۔کراچی کے عوام کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے اور سندھ پر 16سال سے قابض حکمرانوں کے خلاف اپنے گھروں سے نکلنا ہوگا۔علاو ہ ازیں شاہراہ فیصل اسٹار گیٹ، کالا پل، کورنگی کراسنگ، مین نیشنل ہائی وے ، ناظم آباد نمبر 7بس اسٹاپ، مین سپر ہائی وے ، پاور ہاؤس چورنگی، اورنگی ٹاؤن پانچ نمبر چورنگی، شیر شاہ پراچہ چوک، نورانی کباب ہاؤس چورنگی، واٹر پمپ چورنگی شاہراہ پاکستان، مین حب ریور روڈ، ڈالمن مال نزد حیدری مارکیٹ، جوہر موڑ پر بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن سے جماعت اسلامی کے امرائے اضلاع و دیگر ذمہ داران نے خطاب کیا۔