نوڈیرو :بینظیر بھٹو کی برسی پر 8500اہلکار وں کی تعیناتی

 نوڈیرو :بینظیر بھٹو کی برسی پر 8500اہلکار وں کی تعیناتی

نوڈیرو(نمائندہ دنیا)شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 17 ویں برسی کی تیاریوں کے سلسلے میں اہم اجلاس گڑھی خدابخش بھٹو میں کمشنر لاڑکانہ غلام مصطفیٰ پھل کی صدارت میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ شرجیل نور چنو، ایس ایس پی اسپیشل برانچ منصور مغل، اسسٹنٹ کمشنر رتوڈیرو امیر علی میرانی، حافظ مشتاق کوریجو سمیت پبلک ہیلتھ، ڈی ایچ او، سیپکو، بلڈنگز، روڈز اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر لاڑکانہ نے سیپکو کے افسران کو ہدایت کی کہ برسی کے دوران بجلی کی مسلسل اور بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ پبلک ہیلتھ کے حکام کو حکم دیا گیا کہ گڑھی خدابخش بھٹو آنے والے لاکھوں افراد کے لیے مزار کے اندر اور باہر صاف پانی کی مستقل فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔اسی طرح روڈز ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی گئی کہ نوڈیرو، رتوڈیرو، اور بنگل ڈیرو سے گڑھی خدابخش بھٹو تک کے راستوں کی مرمت جلد مکمل کی جائے ۔مزار اور اس کے اطراف صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی ہدایت دی گئی ۔اجلاس میں لاکھوں افراد کی آمد کے پیش نظر پارکنگ ایریاز کو منظم کرنے کے احکامات دیے گئے ، تاکہ ٹریفک جام سے بچا جا سکے ۔ڈی ایچ او لاڑکانہ کو ہدایت دی گئی کہ برسی کے موقع پر میڈیکل کیمپس قائم کیے جائیں، جہاں ڈاکٹر، پیرامیڈیکل عملہ، آکسیجن اور ادویات دستیاب ہوں۔ ایمبولینس سروس کی بھی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔بلڈنگز ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی گئی کہ لائٹنگ سسٹم کو بہتر بنایا جائے اور مزار کے واش رومز میں ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔اجلاس میں ایس ایس پی اسپیشل برانچ نے اجلاس میں بتایا کہ اس بار سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کیا گیا ہے ۔ سی سی ٹی وی کیمرے ، میٹل ڈیٹیکٹرز، اور واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں۔ 8500 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جن میں 32 ایس ایس پیز شامل ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں