عوام کے حقوق کا استحصال ہورہاہے ،سنی تحریک
کراچی (این این آئی)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمدشاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ عوام کے حقوق کا استحصال ہورہاہے ،روزگار ہے نہیں مہنگائی بے قابو ہے ،عوام کو بنیادی حقوق تعلیم وصحت،انصاف اور روزگار بھی میسر نہیں ہیں۔
جمہوری حکومت میں عوام کو ریلیف نہ ملنا جمہوری قدروں کے منافی عمل ہے ،جمہوریت اور ملک کا آئین عوام کو حقوق دینے یکساں تعلیم وصحت اور معاشی آسانی دیتا ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس دینے سے کوئی بھی انکاری نہیں ہے ملک ٹیکسوں سے ہی چلتے اورترقی کرتے ہیں ۔بجلی ،گیس، ٹیلیفون کے بلوں اور پٹرول پر بے جا ٹیکسز ختم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے غریب ،مزدور ،کسان اپنا پسینہ بہاکر شب وروز جدوجہدکررہے ہیں ،حکومت دوائیوں اور بچوں کے دودھ کی قیمتوں کو کم کرکے غریبوں کو ریلیف فراہم کرے ۔ شاداب رضا کا کہنا تھا کہ غریبوں کے حقوق کے حل کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے ،پاکستان کے استحکام اور ترقی کیلئے کوشا ں ہیں اور مثبت حکومتی پالیسیوں کا ساتھ دینگے ،حکومتی منفی پالیسی جس سے غریب پر مشکلات آتی ہوں ایسی پالیسیوں کا ساتھ نہیں دیں گے ،قانون وانصاف کی بالادستی کے ذریعے ہی دہشتگرد وجرائم پیشہ عناصر کو ختم کیا جاسکتا ہے ،انتہاپسندی اور دہشتگردی پاکستان کے دشمنوں کا ہتھیار ہے جس کے ذریعے وہ ملک میں انتشار پھیلا کر بدامنی کرنا چاہتے ہیں ،ملک دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کسی طور بھی کامیاب ہونے نہیں دینگے ۔