سڑکیں خوبصورت،فٹ پاتھوں کی حالت بہتر بنانے کا فیصلہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں گزشتہ روز منعقدہ اجلاس میں شہر کی اہم سڑکوں کو خوبصورت بنانے اورفٹ پاتھوں اور سڑکوں کی حالت بہتر بنانے کے لئے اقداما ت کاجائزہ لیا گیا۔
کمشنر نے شارع فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ شاہراہ قائدین، میرن پرومنڈ پر جاری ترقیاتی کام سمیت شہر کی تما شاہراہوں پر فٹ پاتھوں اور سڑکوں کی مرمت کے کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔اجلاس میں شہر میں، مین ہولز کو کور کرنے ، یوٹیلٹی اداروں کے چیمبرز کی مرمت، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، سڑکوں پر نمایاں مقامات سے کچرا کنڈیوں کی منتقلی اور صفائی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔تمام ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے ضلع میں شہری کی بہتری کے اقدامات کے بارے میں منصوبہ بندی اور جاری کاموں کا جائزہ پیش کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئی آئی چندریگر روڈ اور مرین پرومنڈ پر جاری کام کو اگلے دس روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ آئی آئی چندریگر روڈ پر کمشنر کراچی کے حالیہ دورہ کے موقع پر کئے گئے فیصلہ کی روشنی میں فٹ پاتھوں پر مرمت اور رنگ ور وغن کا کام مختلف مقامات پر مکمل کر لیا گیا ہے۔