کراچی کے مسائل بہت ہیں،ہم نے کافی حل کر دیے ،وزیر اعلیٰ

کراچی کے  مسائل بہت ہیں،ہم نے کافی حل کر دیے ،وزیر اعلیٰ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل بہت ہیں لیکن ہم نے کافی حل کر دیئے ہیں۔

سندھ ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کے ہائی وے ریسکیو آپریشنز کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم سندھ کو محفوظ، مضبوط اور خوشحال بنانے کے لیے کوشاں ہیں، ریسکیو 1122 عالمی معیار کی ایمرجنسی خدمات فراہم کرنے کا بہترین اقدام ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ریسکیو 1122 کے ذریعے ایمرجنسی کی صورت میں بے حد فائدہ پہنچے گا، تربیت یافتہ ریسکیو اہلکار اور جدید آلات کا یہ پیشہ ورانہ امتزاج یقیناً قیمتی جانیں بچائے گا، ریسکیو 1122 ضرورت مندوں کو بروقت مدد فراہم کرے گا۔ علاوہ ازیں اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے دو اسپتالوں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (این آئی سی ایچ) کو نگراں کمیٹی کے ذریعے منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے اپنی قانونی ٹیم کو جے پی ایم سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو بحال کرنے کی ہدایت بھی کی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ملک کا سب سے بڑا اسپتال عوامی مفاد میں صحیح طریقے سے کام کر سکے۔ او ایس سی برائے جے پی ایم سی اور این آئی سی ایچ 8 اگست 2023 سے 7 اگست 2048 تک 25 سالوں کیلئے ان اسپتالوں سے متعلق تمام فیصلے کرنے کا مجاز ہے جب تک کہ وفاقی حکومت سندھ حکومت کو انتظامی اور آپریشنل کنٹرول فراہم نہ کرے ۔ او ایس سی مریضوں کیلئے معیاری طبی سہولیات اور ڈاکٹروں، نرسوں اور تکنیکی ماہرین کی تعلیم و تربیت کو یقینی بنانے کے لیے انسانی وسائل سمیت تمام پہلوؤں کی منصوبہ بندی اور انتظام کرنے کا ذمہ دار ہے ۔ جے پی ایم سی اور این آئی سی ایچ کی فیکلٹی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اگلے 25 سالوں میں جے ایس ایم یو کے ذریعے فیکلٹی کی تمام ضروریات پوری کی جائیں گی۔ جے ایس ایم یو سے مشترکہ طور پر مرحلے وار ضرورت پر زور دیا گیا جس کی وجہ سے سندھ حکومت جے پی ایم سی میں تمام 56 مستقل ڈاکٹروں کو ترقی دے گی۔ بالخصوص اعلیٰ اہلیت کے حامل 37 ڈاکٹروں کو تدریسی عہدوں پر ترقی دی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں