انٹر بورڈ نے امتحانی نتائج میں کم نمبر کا ذمہ دار طلبا کو ٹھہرا دیا

انٹر بورڈ نے  امتحانی  نتائج میں  کم  نمبر  کا ذمہ دار  طلبا  کو ٹھہرا دیا

کراچی (این این آئی)قائم مقام چیئرمین انٹربورڈ کراچی شرف علی شاہ نے انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئر کے طلبا کے کم نمبروں کی وجوہات بتاتے ہوئے کئی۔۔

 انکشافات کیے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں انٹرسال اول کے امتحانات گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی متنازع ہوگئے ، کامیابی کاتناسب پری میڈیکل میں 33 فیصد جب کہ پری انجینئرنگ میں 29 فیصد رہا۔انٹرمیڈیٹ پری میڈیکل فرسٹ ایئر کے طلبہ نے انٹر بورڈ آفس کے باہر احتجاج کیا اور نتائج پرنظرثانی کا مطالبہ کیا، طلبہ کا کہنا ہے کہ میٹرک میں 85 فیصد سے زائد نمبر لینے والوں کو 50 فیصد سے بھی کم نمبرز دیے گئے جبکہ کئی مضامین میں فیل بھی کردیا گیا ہے ۔طلبہ کے احتجاج پرسندھ حکومت حرکت میں آئی اور چیئرمین انٹر بورڈ امیر قادری کو عہدے سے ہٹا کر اضافی چارج چیئرمین میٹرک بورڈ شرف علی شاہ کو دے دیا گیا اور ساتھ ہی تحقیقاتی کمیٹی بھی بنا دی گئی، یعنی اس سال بھی پچھلے سال کی طرح تحقیقات ،برطرفیاں اورتلافی کے اقدامات کیے گئے ہیں لیکن ان حکومتی اقدامات سے طلبہ اور والدین مطمئن نہیں۔اس حوالے سے قائم مقام چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی شرف علی شاہ نے خصوصی گفتگو میں طلبا کے کم نمبر کی وجوہات بتائی۔قائم مقام چیئرمین انٹر بورڈ کراچی نے انٹر میڈیٹ نتائج میں کم نمبر کا ذمہ دار طلبا کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ 2 سال میں نصاب تبدیل ہوا ہے ،بچے کالجز میں کلاسز لینے ہی نہیں آتے ۔انہوں نے انکشاف کیا سائنس کی کاپیوں میں طلبہ نے گانے لکھے ہوتے ہیں، سوالوں کے جواب معلوم نہیں ہوتے ، طلبہ سمجھتے ہیں پرچہ بھردیں توٹیچرصرف نظر مار کر مارکس دیدے گا، سیکڑوں کاپیاں دکھا سکتا ہوں جن میں طلبہ نے گانے لکھے ہوئے ہیں۔شرف علی شاہ نے مزید کہا کہ سائنس کے پرچے چیکنگ کیلئے گھروں پر نہیں جاتے ، مارکنگ کیلئے سینٹرز بنتے ہیں جس میں پروفیسر آکر پرچے چیک کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نمبرز کے حوالے سے طلبہ کے خدشات دور کریں گے ، طلبہ کے اطمینان کیلئے انہیں کاپیاں کھول کر بھی دکھا سکتے ہیں، گزشتہ سال بھی شور مچا تھا لیکن صرف 62 طلبہ نے رجوع کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں