نہم جماعت کے غیر حاضر قرار طلبہ کا معاملہ سنگین
کراچی(آن لائن)ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں نہم جماعت کے غیر حاضر قرار دئیے گئے طلبہ کا معاملہ سنگین ہوگیا۔ کئی روز گزرنے کے باوجود مارک شیٹس جاری نہ ہوسکیں۔
ثانوی تعلیمی بورڈ میں اسکول انتظامیہ اور طلبہ و والدین روزانہ بورڈ کے چکر لگانے پر مجبور ہوگئے ہیں تاہم معاملہ حل نہیں ہو پارہا ہے ۔اس حوالے سے بورڈ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ غیر حاضر طلبہ کی تعداد بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے کام کا دباؤ بہت ہے جبکہ ضمنی امتحانات کا بھی آغاز ہو چکا ہے جس کی وجہ سے طلبہ کے ایڈمٹ جاری کئے جارہے ہیں۔ والدین اور اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہر بار یہی جواب دیا جاتا ہے کہ دو تین دن میں طلبہ کی انرولمنٹ جاری کر کے نتائج جاری کردئیے جائیں گے ۔ جب سے نتائج جاری ہوئے ہیں اْس وقت سے لے کر اب متاثرہ غیر حاضر طلبہ کا معاملہ حل نہیں کیا گیا ہے ۔ متاثرہ طلبہ کا کہنا تھا کہ جب سے نتائج جاری ہوئے ہیں انرولمنٹ سے کمرہ نمبر 57نمبر کے کئی چکر لگ چکے ہیں مگر مارکس شیٹ اب تک جاری نہیں ہوسکی ہے ۔ اسکول انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بورڈ کی غلطی طلبہ پر ڈالی جارہی ہے جبکہ انرولمنٹ سیکشن نے بروقت انرولمنٹ آئی ٹی سیکشن کو نہیں بھیجا یہ سب انرولمنٹ اور آئی ٹی سیکشن کی ناکامی دکھائی دے رہی ہے اور طلبہ سے کہا جارہا ہے کہ آپ کے دو اسکولوں سے انرولمنٹ جاری ہوئے ہیں جبکہ دوسرے اسکول کا انرولمنٹ ثبوت نہیں دے رہا ہے ۔ ایسا کبھی نہیں ہوا اب ہورہا ہے ۔