پانی کی عدم فراہمی پر بلدیہ حب ریور روڈ پرعلاقہ مکینوں کا احتجاج
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے بلدیہ حب ریور روڈ ڈبہ موڑ کے قریب علاقہ مکینوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔احتجاج پانی کی عدم فراہمی پر کیا گیا، احتجاج میں خواتین اور بچوں سمیت علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پانی کی عدم فراہمی کے خلاف نعرے درج تھے جبکہ مظاہرین نے ٹائر نزر آتش کرکے سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔سڑک بند ہونے سے حب ریور روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی، تاہم علاقائی پولیس کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد علاقہ مکینوں نے دو گھنٹوں سے جاری احتجاجی مظاہرہ ختم کرکے سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا۔