رہائشی عمارت کے کمرشل استعمال پر فریقین سے جواب طلب

رہائشی عمارت کے کمرشل استعمال پر فریقین سے جواب طلب

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے اردو بازار میں عمارت میں تعمیرات اور کمرشل استعمال کے خلاف درخواست پر فریقین سے جواب طلب کرلیا ۔

 سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی آئینی بینچ نے عمارت میں از سرِنو تعمیرات اور گودام بنانے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ اردو بازار میں عمارت کے گراؤنڈ فلور میں گودام بنایا جا رہا ہے ، گراؤنڈ فلور کے کمرشل استعمال کے لئے از سر نو تعمیرات کی جارہی ہیں۔عدالت نے ایس بی سی اے و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 4 ہفتوں میں فریقین سے جواب طلب کرلیا ہے ۔ دریں اثنا ء احتساب عدالت کراچی نے اسکیم 33 میں غیر قانونی الاٹمنٹ کے ریفرنس میں سابق ریونیو افسر کی عبوری ضمانت منظور کرلی ہے ۔ احتساب عدالت میں اسکیم 33 میں 14 ایکڑ زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے ریفرنس میں ملزم سابق ڈسٹرکٹ آفیسر ریونیو اعجاز حسین بلوچ کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ احتساب عدالت کراچی نے سابق ڈسٹرکٹ آفیسر ریونیو اعجاز حسین بلوچ کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزم کو پانچ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے ۔ نیب حکام کے مطابق ملزم نے 2009 کے دوران اسکیم 33 کراچی میں غیر قانونی طور پر زمین الاٹ کی، ملزم کی جانب سے غیر قانونی الاٹمنٹ کرنے سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچاہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں