فیشن انڈسٹری ملک کو مالی بحران سے نکال سکتی ہے ،محمود بھٹی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ڈیزائنر محمود بھٹی نے کہا ہے کہ فیشن انڈسٹری کی حکومتی سطح پر سرپرستی کی جائے تو یہ انڈسٹری ملک کو مالی بحران سے نکال سکتی ہے ۔
کراچی پریس کلب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کاپی رائٹ ایکٹ پر عمل درآمد نہ ہونے سے فیشن انڈسٹری سمیت دیگر انڈسٹریز کو بہت نقصان ہورہا ہے ، ہمارے ملک میں فیشن کے حوالے سے بہت ٹیلنٹ موجود ہے لیکن کوئی گائیڈ لائن نہ ہونے کی وجہ سے وہ انٹر نیشنل مارکیٹ میں اپنا مقام نہیں بنا پارہے ہیں۔ محمود بھٹی نے کہا کہ پاکستان سے غربت کا خاتمہ میرا دیرینہ خواب ہے ،ملک سے غربت ختم کرنے کے لیے اپنے حصّے کا کردار ادا کر رہا ہوں ،لاہور میں اسپتال اور قبرستان بنانے کے لیے جگہ لی تھی جس پر قبضہ گروپ نے نظریں جما لیں جس کی وجہ سے بہت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔