آرٹسٹوں، ڈرامہ نگاروں کی حوصلہ افزائی کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)حکومت سندھ نے موویز، ڈرامہ اور ڈاکیومینٹریز کے فروغ کے لئے کوششیں تیز کرتے ہوئے عوامی آگہی۔۔
مقامی ٹیلنٹ کے فروغ، دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف بیانیہ سازی کے لئے آرٹسٹوں، ڈرامہ نگاروں کی حوصلہ افزائی کا فیصلہ کر لیا ۔ سندھ کے سینئر وزیرِ سندھ شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت کانٹینٹ اینڈ پروڈکشن اوور سائٹ بورڈ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا۔ کانٹینٹ اینڈ پروڈکشن اوور سائٹ بورڈ کے پہلے اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات سندھ ندیم الرحمن میمن ، ڈی جی (پی آر)سلیم خان، ڈائریکٹر فلمز حزب اللہ میمن ، ڈپٹی ڈائریکٹر سارنگ لطیف چانڈیو کی شرکت کی۔ جبکہ بورڈ ممبران قاضی اسد عابد ، وردہ سلیم، نمرہ ملک، اذان سمیع خان، حسن اصغر نقوی بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔ شرجیل میمن نے کہا کہ نئے لکھنے والوں اور تخلیقی ڈرامے اور فلمیں بنانے والے پروڈکشن ہاؤسز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، تخلیقی کام کو بورڈ کی منظوری کے ساتھ مکمل کرنے کیلئے ضروری مالی معاونت بھی مہیا کی جائے گی۔ اجلاس میں ڈی جی پی آر سندھ سلیم خان نے کانٹینٹ اینڈ پروڈکشن اوور سائٹ بورڈ کی تشکیل کے مقاصد اور پالیسی گائیڈ لائنز کی بارے میں آگاہ کیا۔اجلاس میں آئندہ ہفتے تک پروڈکشن ہاؤسز سے ان کے کام کا بنیادی خاکہ وغیرہ طلب کرنے پر زور ، آئندہ بورڈ اجلاس میں پروڈکشن ہاؤسز کے کام کا جائزہ لیا جاسکے گا۔