پاکستان عالمی سیاست کے بھنور میں پھنسا ہوا ہے ، ضمیر اکرم

پاکستان عالمی سیاست کے بھنور میں پھنسا ہوا ہے ، ضمیر اکرم

کراچی(سٹی ڈیسک)سابق سفیر ضمیر اکرم نے کہا ہے کہ امریکہ اور چین کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں پاکستان تیزی سے بدلتی ہوئی عالمی سیاست کے گرداب میں پھنسا ہوا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں سائوتھ ایشیا فورم کی طرف سے منعقدہ خصوصی بحث و مباحثہ میں کیا۔ سابق سفیر ضمیر اکرم نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے ’’بدلتے ہوئے عالمی ماحول میں پاکستان کی خارجہ پالیسی‘‘کے موضوع پر گفتگو کی۔انہوں نے مزیدکہا کہ پاکستان کے قیام سے ہی ملک پر اشرافیہ قابض ہے جس کی وجہ سے پاکستان اہم شعبوں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات لانے سے قاصر ہے ۔ پاکستانی قیادت بدلتی ہوئی عالمی صورتحال کے جواب میں خارجہ پالیسی کا ازسر نو جائزہ لے ۔ انہوں نے خاص طورپر نئی امریکی انتظامیہ اور مشرق وسطی میں بدلتے ہوئے سیاسی منظرنامہ کے اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے ان چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے تذویراتی مطابقت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کی بحالی پر توانائیاں صرف کرنے کی بجائے پاکستان کو اپنی توجہ جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات پر مرکوز کرنی چاہیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کا مقصد بھارت کے اسٹریٹجک مفادات کو چین کے خلاف تحفظ فراہم کرنا ہے ۔ایونٹ کا آغاز سائوتھ ایشیا فورم کے چیئرمین سید جاوید اقبال کے خیر مقدمی خطاب سے ہوا ۔ بحث ومباحثہ کے نمایاں شرکاء میں جنرل(ریٹائرڈ)معین الدین حیدر، جاوید جبار، پروفیسر ڈاکٹر ہما بقائی، مجید عزیز اور دیگر شامل تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں