برسوں بعد سرکاری کالجوں میں ڈگری پروگرام پھرشروع
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کئی برس بعد سرکاری کالجوں میں ڈگری پروگرام دوبارہ شروع ہوگیا، جامعہ کراچی نے بی ایس چار سالہ ڈگری پروگرام کی اجازت دے دی۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایچ ای سی کی جانب سے دو سالہ گریجویشن پر عائد پابندی کے سبب کراچی کے سرکاری کالجوں میں کئی برس سے رکا ہوا بیچلر پروگرام اب 4 سالہ ڈگری پروگرام کی شکل میں بحال ہوگیا ہے اور جامعہ کراچی نے شہر کے 7 سرکاری کالجوں کو مختلف ضابطوں میں بی ایس چار سالہ ڈگری پروگرام کا الحاق جاری کردیا ہے ۔کالجوں کو متعلقہ مضامین میں گریجویشن کیلئے داخلوں کی اجازت دے دی ہے ۔جن ضابطوں میں بی ایس چار سالہ ڈگری پروگرام شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے ان میں کمپیوٹر سائنس، کیمسٹری، فزکس، بی بی اے ، اکانومکس اینڈ فنانس اور ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس سائنس شامل ہیں جبکہ جن سرکاری کالجوں کو پروگرام کی اجازت دی گئی ہے ان میں ڈی جے سائنس کالج، گورنمنٹ کالج آف فزیکل ایجوکیشن کراچی، پی ای سی ایچ ایس گرلز کالج، گورنمنٹ کالج آف کامرس اینڈ اکانومکس، گورنمنٹ ڈگری سائنس اینڈ کامرس کالج ایف بی ایریا بلاک 16 اور پاکستان شپ اونر کالج گورنمنٹ کالج شامل ہیں۔ شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد عراقی نے بتایا کہ یونیورسٹی کو 10 سرکاری کالجوں کی جانب سے درخواست موصول ہوئی تھی جس میں سے 7 کالجوں کو الحاق دیا گیا ہے۔