کے ایم سی کو ٹاؤن ملازمین کی پنشن ادا کرنے کا حکم

 کے ایم سی کو ٹاؤن ملازمین کی پنشن ادا کرنے کا حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر )سندھ ہائیکورٹ نے کے ایم سی کو حکم دیا ہے کہ دو سال تک ریٹائرڈ بلدیاتی ملازمین کی پنشن ادا کرے گی۔۔

 دو سال میں ٹاؤن میونسپل آفس میکنزم بنائیں گے ۔ عدالت نے اس دوران ریٹائرڈ ملازمین کی فہرست دینے کا بھی حکم دیدیا۔ سماعت کے موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری سندھ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور سیکریٹری بلدیات عدالت میں پیش ہوئے ۔دوران سماعت سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے بتایا کہ ٹاؤن کو یکمشت رقم ادا کی جاتی ہے ، ٹاؤن اپنے اخراجات کو 4حصوں تنخواہ، پنشن، ترقیاتی اخراجات و دیگر کی مد میں تقسیم کرتی ہے ۔جسٹس نثار احمد بھنبرو نے استفسار کیا کہ کے ایم سی عدالت کے آرڈر کا انتظار کیوں کررہی ہے ؟، جس پر میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا کہ ٹی ایم سیز خودمختار ہیں، الگ الگ جماعتوں کے پاس ٹی ایم سیز ہیں، میرا کوئی اختیار نہیں ہے ۔سیکریٹری بلدیاتی نے بتایا کہ کے ایم سی کے پاس سینٹرالائزڈ پنشن ادائیگی کا نظام موجود ہے ، سندھ حکومت کے ایم سی کو پنشن کی ادائیگی کیلئے رقم دیتی ہے ، سندھ حکومت ٹی ایم سی کو بھی ادائیگی کرتی ہے ۔میئر کراچی مرتضی وہاب نے انکشاف کیا کہ بہت سے ملازمین دو تنخواہیں لے رہے ہیں، ہم نے ایسے ملازمین کیخلاف کارروائی کی ہے ۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ حکومت کچھ فنڈ دے ، ٹاؤن کو اپنے فنڈز جنریٹ کرنے کی بھی کوشش کرنی چاہئے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں