سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر مسائلستان ،منعم ظفر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر کراچی آج مسائلستان بنا ہوا ہے ۔۔
عوام پانی، بجلی اور گیس کی سہولیات سے محروم ہیں، حکمران عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے امریکہ کو راضی کرنے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع ائیر پورٹ کے تحت رفاہ عام میں عوامی دعوت افطارسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ دعوت افطار سے امیر ضلع ایئر پورٹ محمد اشرف نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پررکن سندھ اسمبلی محمد فاروق، ٹاؤن چیئرمین ماڈل کالونی ظفر احمد خان، یوسی چیئرمین احسن ضمیر،وائس چیئرمین و کونسلرز، ناظم علاقہ عتیق احمد و دیگر بھی موجود تھے ۔منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ بد قسمتی سے بحیثیت مجموعی معاشرے میں نااہلی ،کرپشن، لوٹ مار اور دھوکا دہی ہے ، پوری دنیا میں تہواروں کے موقع پر اشیاء سستی ہوتی ہیں، عوام کو ریلیف دیا جاتا ہے لیکن وطن عزیز میں رمضان اور عید کے موقع پر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگتی ہیں اور حکومت و متعلقہ ادارے بھی نا اہلی و کرپشن کے باعث کوئی اقدامات نہیں کرتے ۔رمضان کا مہینہ اپنی پوری رحمت اور برکت کے ساتھ ہم پر سایہ فگن ہے ، اللہ کا ہم پر احسان ہے کہ اس نے ہمیں رمضان کی ساعتیں دیکھنا نصیب فرمائی، کتنے ہی دوست و احباب ایسے تھے جو گزشتہ رمضان میں تھے اور اب نہیں ہیں۔ ہم پر لازم ہے کہ ان قیمتی ساعتوں میں اللہ تعالی کی رحمتوں کو سمیٹیں۔