یونین کمیٹیوں میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا انکشاف

کراچی (رپورٹ:محمد علی حفیظ ) کراچی کی یونین کمیٹیوں میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا انکشاف ہوا ہے اس ضمن میں محکمہ اینٹی کرپشن نے یوسی سیکریٹریز کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں۔
محکمہ اینٹی کرپشن حکام نے ریجنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کراچی ڈویژن کو ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ضلع شرقی کی تمام یوسی سیکریٹریز اختیارات کا غلط استعمال کرنے سمیت مبینہ طور پر کرپشن میں ملوث ہیں۔ خط میں ضلع شرقی کے پانچ ٹائونز سہراب گوٹھ، صفورا ، گلشن اقبال، جناح، اور چنیسر ٹائون کی یونین کمیٹیوں میں تعینات سیکریٹریز کو سرکاری ریکارڈ کے ساتھ اینٹی کرپشن ایسٹ آفس میں طلب کیا گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیدائش و اموات سرٹیفکیٹس کے اجراء میں بدعنوانی سمیت کئی شکایت اینٹی کرپشن کو موصول ہوئی ہیں جس کے بعد ان یوسی سیکریٹریز کو ریڈرا پر لیا گیا ہے شہر کے اہم بلدیاتی نمائندے کا کہنا ہے کہ کچھ روز قبل لائزایریا کی ایک یوسی میں کئی اموات کے سرٹیفکیٹ اچانک جاری ہونے پر سب کو حیرانی و تشویش ہوئی تھی جبکہ ضلع شرقی کی یونین کمیٹیوں میں یہ شکایات تیزی کے ساتھ سامنے آرہی ہیں دوسری جانب بعض یوسی سیکریٹریز کا کہنا ہے کہ ہر بار اینٹی کرپشن طلبی کے خطوط جاری کرکے ہراساں کرتا ہے جس شور کے ساتھ تحقیقات کا آغاز ہوتا ہے وہ اچانک بغیر نتیجے کے روک دی جاتی ہے۔