عوام کو تیل قیمتوں میں ریلیف نہ دینا ظلم ،کاشف شیخ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ اسلام اور نظریہ پاکستان ہی ملکی ترقی وسلامتی کا ضامن ہے ، مدارس دین کا قلعہ ہیں جن کی حفاظت اور مالی معاونت کرنا ہر پاکستانی پر فرض ہے ،عالمی منڈی میں پٹرول قیمتیں کم ہونے کے باوجود عوام کو ریلیف نہ دینا سراسر ظلم ہے ۔
علمائے کرام منبر ومحراب کے پلیٹ فارم سے نیکی کے فروغ بدی کے خاتمے اور ہدہشتگردی اور متنازع کینالوں کے خلاف اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔دین سے دوری اور اللہ اور اس کے رسول سے بغاوت پر مبنی نظام و حکمرانوں کی پالیسیوں کی وجہ سے آج وطن عزیز غربت،افلاس، مہنگائی، بدامنی اور دہشتگردی کا شکار ہے ، نجات کا واحد حل اسلامی نظام کا قیام ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں سندھ بھر کے علمائے کرام اور سفراء مدارس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کاشف سعید شیخ نے مزید کہا کہ چند ضمیر فروش لوگوں کے اقتدار، حکومت و ریاست پر قابض ہونے کی وجہ سے ، آج ملک کا بچہ بچہ ساڑھے تین لاکھ کا مقروض جبکہ حکمران قرض کی دولت اپنی عیاشیوں اور بیرون ممالک جائیدادیں بنانے میں مصروف ہیں۔ کرپشن و کمیشن سسٹم نے خوشحال سندھ کو بدحال کر دیا ہے جس کی وجہ سے سندھ مسلسل کرپشن ، مہنگائی لاقانونیت ، بدامنی سمیت مسائل کا شکار ہے ۔