اندرون سندھ:ٹریفک حادثات، پولیس اہلکار جاں بحق، 8 شدید زخمی

لاڑکانہ، محراب پور، عمرکوٹ (بیورورپورٹ، نمائندگان دنیا) اندرون سندھ مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات، پولیس اہلکار جاں بحق،8 افراد زخمی ہوگئے۔
لاڑکانہ کے قریب ایئرپورٹ روڈ پر موٹرسائیکل اور ٹریکٹر میں تصادم کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار 26 سالہ پولیس اہلکار محمد الدین تونیو شدید زخمی ہوگیا، جو دوران علاج دم توڑ گیا۔ ورثاکے مطابق محمد الدین لاڑکانہ کی عدالت میں ڈیوٹی دینے کے بعد واپس اپنے گاؤں واپس آرہا تھا کہ حادثے کا شکار ہوگیا۔ محراب پور سے نمائندے کے مطابق مورو دادو روڈ پر کار اور رکشے کے درمیان تصادم میں رکشہ ڈرائیور غلام رسول کھوسو زخمی ہوگیا۔ عمرکوٹ سے نمائندے کے مطابق کنری،سامارو شاہراہ بھوترانی موڑ کے قریب ٹریلر اور موٹرسائیکل میں تصادم کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار 4 بچوں اور 2 خواتین سمیت 7 افراد شدیدزخمی ہوگئے، جن میں مسمات آمنہ، زینب، مختیار، عبدالحق، دلبر، اختیار اور عاصمہ ودیگر شامل ہیں۔ متاثرہ خاندان کاتعلق سولنگی برادری سے بتایاجارہاہے اور وہ قبول شاخ کے رہائشی ہیں۔ تمام زخمیوں کو تشویشناک حالت کے پیش نظر حیدرآباد منتقل کردیاگیا ،جبکہ پولیس نے ٹریلر کوتحویل میں لے لیا ۔