اساتذہ کی یقینی حاضری کیلئے موبائل ایپ کا فیصلہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)محکمہ تعلیم سندھ نے اساتذہ اور عملے کی حاضری اور طلبا کا ریکارڈ ڈیجیٹلائز کرنے کیلیے موبائل ایپلی کیشن متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے ۔
وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم کارکردگی، شفافیت اور نگرانی کا ایک ڈیجیٹل سفر شروع کرنے جا رہے ہیں، جس کا مقصد وسائل کو حقائق کی بنیاد پر استعمال کرنا ہے ۔یہ بات انہوں نے اپنی زیر صدارت اساتذہ کی ڈیجیٹل حاضری کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر مانیٹرنگ اینڈ اویلوئیشن ونگ کی طرف اساتذہ اور دیگر عملے کی حاضری مکینزم کو ڈیجیٹلائیز کرنے کے حوالے ڈیمو دیتے ہوئے آگاہ کیا گیا کہ اساتذہ کی حاضری کو چہرے کی شناخت کی بنیاد پر کرنے کے لیے آئیرس (آئی آر آئی آیس) سسٹم کے تحت کی جائے گی۔سید سردار علی شاہ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ایپلی کیشن میں چھٹی کی درخواست جمع کرنے کا بھی آپشن شامل کیا جائے جبکہ اس ایپلیکیشن میں ڈیلی، ویکلی، اور ماہانہ رپورٹس کا آپشن بھی شامل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اس ڈیٹا کو اگلے مرحلے میں آکائونٹنٹ جنرل سندھ کے آفس سے بھی منسلک کروایا کیا جائے گا، مستقبل میں جو اساتذہ یا عملہ بغیر اطلاع کے حاضر نہیں ہوگا اس کے اتنے دن کی تنخواہ خود کار سسٹم کی مدد سے کاٹ لی جائی گی، جبکہ ان اقدامات سے کارکردگی، شفافیت، اور خودکار انتظام کو بہتر بنانے میں بھی مدد مل سکے گی۔