برف بنانے والی فیکٹری کی چھت گرگئی،2مزدورجاں بحق

برف بنانے والی فیکٹری کی چھت گرگئی،2مزدورجاں بحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر )لانڈھی کے صنعتی علاقے مرتضیٰ چورنگی کے قریب واقع برف بنانے والی فیکٹری کی چھت گر گئی۔۔

جس کے نتیجے میں دو مزدور موقع پر ہی جاں بحق جبکہ چار شدید زخمی ہو گئے ۔ ریسکیو ٹیموں، پولیس اور فائر بریگیڈ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لاشوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکالا۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت45 سالہ سلیم ولد عبدالرحمٰن اور 32 سالہ وقاص ولد فیاض کے نام سے ہوئی ہے ۔ دونوں لانڈھی اور کورنگی کے رہائشی اور فیکٹری میں گزشتہ کئی سالوں سے ملازمت کر رہے تھے ۔زخمیوں میں شامل افراد کو جناح اسپتال اور انڈس اسپتال منتقل کیا گیا ہے ، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔ایس ایچ او لانڈھی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی شواہد سے لگتا ہے کہ چھت کی تعمیر ناقص تھی یا زیادہ وزن کی وجہ سے گری۔ تاہم واقعے کی مکمل فزیکل انسپکشن اور تکنیکی جانچ کے بعد ہی حتمی رائے دی جا سکتی ہے ۔کے ایم سی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ابتدائی جائزے سے پتہ چلتا ہے کہ فیکٹری میں کئی سالوں سے مرمت یا حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے تھے ۔پولیس ذرائع کے مطابق، واقعے کی ایف آئی آر درج کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ، جس میں فیکٹری مالک، سپروائزر اور تعمیراتی ذمہ داران کو شامل تفتیش کیا جائے گا۔ پولیس نے فیکٹری سیل کر کے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں