ٹھٹھہ، مکلی میں پولیس مقابلے ،2 ملزم منشیات، اسلحے سمیت گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) کراچی سے ٹھٹھہ، مکلی اور دیگر علاقوں میں منشیات اسمگل کرنے والے گروہ کے 2 کارندے الگ الگ پولیس مقابلوں میں زخمی حالت میں گرفتار کر کے 400 گرام کرسٹل آئس، 1050 گرام چرس اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی اور دیگر شہروں سے منشیات لا کر مکلی ،ٹھٹھہ اور دیگر شہروں میں فروخت کرنے کی اطلاع پر ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر عمران خان کی ہدایت پر مکلی پولیس اور ٹھٹھہ پولیس نے الگ الگ کارروائیاں کیں۔ مکلی پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ملزم واجد ولد شفیع بٹ زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے ایک پستول اور 1050 گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرلی۔ جبکہ ٹھٹھہ پولیس نے مقابلے میں منشیات فروش گروہ کے اہم کارندے ساجد ولد غلام قادر مسن کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 400 گرام کرسٹل آئس اور پستول برآمد کر لیا۔ دونوں ملزم بین الاقوامی منشیات فروش گروپوں سے تعلق رکھتے ہیں ۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر عمران خان نے بتایا کہ دونوں ملزم ٹھٹھہ اور دیگر شہروں میں منشیات فروخت کرتے ہیں، جیسے ہی پولیس کو اطلاع ملی تو چھاپے مارے گئے اور ملزموں نے پولیس پر فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ میں دونوں ملزموں کو منشیات سمیت گرفتار کر لیا گیا ۔