ڈاکو راج،فائرنگ سے حافظ قرآن جاں بحق

ڈاکو راج،فائرنگ سے حافظ قرآن جاں بحق

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن گلشن بہار میں شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوکر فرار ہوگیا۔۔

، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 14 سال کا حسین جاں بحق ہوگیا۔ حسین حافظ قرآن تھا اور عالم بننے کی تعلیم حاصل کر رہا تھا۔پولیس کے مطابق اورنگی گلشن بہار میں موٹر سائیکل سوار دو مسلح ملزمان ایک راہ گیر شہری کو لوٹ رہے تھے ، قریب موجود شہری نے اپنے اسلحہ سے ملزمان پر فائرنگ کی، شہری کی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ ایک زخمی حالت میں فرار ہوگیا، ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آکر 14 سال کا حسین جاں بحق ہوگیا۔ ہلاک ملزم کے پاس سے اسلحہ اور گولیاں ملی ہیں، شہری کا لائسنس یافتہ اسلحہ بھی فارنزک کیلئے پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے ، ہلاک ملزم کی شناخت کی جا رہی ہے ۔حسین کے ماموں نے اسپتال میں میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ میرا بھانجا نماز پڑھ کر مسجد کے باہر بیٹھا تھا، ڈاکوؤں نے حسین سے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی، حسین نے موبائل چھین کر فرار ہونے والے ڈاکو کو پکڑا تو ڈاکو اسے گھسیٹتے ہوئے لے گئے ، ڈاکو نے 9 گولیاں چلائیں، میں فائرنگ کی آواز سن کر باہر آیا تو لوگ میرے بھانجے کو اسپتال لیکر جا رہے تھے ۔

انہوں نے بتایا کہ بھانجے کو نارتھ ناظم آباد کے ڈی اے چورنگی پر نجی اسپتال لے گئے ڈاکٹروں نے بتایا حسین جاں بحق ہوگیا ہے ، حسین حافظ قرآن تھا اور عالم بننے کی تعلیم حاصل کر رہا تھا۔دوسری جانب شہر قائد میں جاری ڈاکو راج کے دوران پیر سے جمعرات تک ڈاکوؤں کی سفاکانہ فائرنگ کا نشانہ بن کر4افراد زندگی سے محروم ہوگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق 21 اپریل کوگلشن حدید میں ڈاکوؤں نے کار شوروم کے مالک خان عالم کو فائرنگ کر کے قتل کیا ۔22 اپریل بروز منگل ڈاکوؤں نے سپر ہائی وے وزیر گوٹھ اتوار بازار کے قریب فائرنگ سے دنبہ گوٹھ کے رہائشی 28 سالہ غنی کو موٹر سائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کا نشانہ بنا کر ابدی نیند سلا دیا ۔اسی روز کورنگی سو کوارٹر ظہور السلام مسجد کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا 50 سالہ عرفان 23 اپریل بروز بدھ کو زندگی کی بازی ہار گیا۔ جب کہ رواں سال جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 35 کے قریب جاپہنچی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں