پانی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو احتجاج کریں گے ،منعم ظفر خان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی 17سال سے سندھ پر مسلط اور کراچی کے اداروں و وسائل پر قابض ہے ۔۔
اختیارات و وسائل نچلی سطح تک منتقل کرنے کو تیار نہیں ہے ، قابض میئر واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیئر مین بھی ہیں، شہر میں پانی کا مسئلہ حل کرنا ان کی ذمہ داری ہے لیکن شہری پانی کے شدید بحران کا شکار ہیں، پانی کا مسئلہ حل نہ ہوا تو ہر سطح پر احتجاج کریں گے ۔ یوسی چیئر مینوں کو ملنے والے 12لاکھ روپے ماہانہ سے آدھی رقم تو تنخواہوں میں چلی جاتی ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ ہر یوسی کے بجٹ میں اضافہ کیا جائے ، جماعت اسلامی نے محدود وسائل اور اختیارات کی کمی کے باوجود اپنے 9ٹاؤنز میں سرکاری اسکولوں کو بہتر بنایا، پارکوں اور کھیل کے میدانوں کو آباد کیا ، گلیوں میں پیور بلاک لگائے اور وہ کام بھی کروائے ہیں جو کے ایم سی اور قابض میئر کے کرنے کے تھے ، عوامی خدمت اور مسائل کے حل کی کوششیں جاری رہیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شریف آباد میں نیاری پارک کے افتتاح کے موقع پرکیا۔ قبل ازیں ان کی آمد پر علاقہ مکینوں نے ان کا بھر پور خیر مقدم کیا ۔منعم ظفر خان نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ کراچی صوبے کو بجٹ کا تقریباً 95فیصد حصہ فراہم کرتا ہے لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ کراچی کو اس کا جائز اور قانونی حق نہیں دیا جاتا۔