اورنگی ٹاؤن ایم پی آر کالونی سے ایک شخص کی گولیاں لگی لاش ملی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)اورنگی ٹاون ایم پی آر کالونی سے ایک شخص کی لاش ملی، جسے گولیاں مارکر قتل کیا گیا، مقتول کی فوری طور پر شناخت نہیں کی ہوسکی،جبکہ حددود کے تنازعہ پر پولیس آپس میں الجھی ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیر آباد کے علاقے اورنگی ٹاو ن ایم پی آر کالونی قبرستان کے قریب سے 38 سالہ شخص کی لاش ملی ، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو موقعے سے قانونی کارروائی کے بعد چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی ، ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مقتول کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا جس کی عباسی شہید اسپتال کے ایم ایل او نے تصدیق کی ، مقتول کے پاس سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت کی جا سکے ۔ اسپتال ذرائع کے مطابق اورنگی ٹاون اور پیر آباد پولیس حدود کے تنازعے کے باعث مقتول کی قانونی کارروائی کرنے سے گریز کر رہیں تھیں ، کئی گھنٹے گزرنے کے باجود مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال کے سردخانے میں پڑی رہی۔