سکھر بورڈ :گیارہویں ،بارہویں جماعت کے امتحانات شروع
سکھر (بیورو رپورٹ)تعلیمی بورڈ سکھر کے تحت انٹرمیڈیٹ پارٹ 1 اور 2 کے سالانہ نظریاتی امتحانات 5 مئی سے شروع ہو کر 14 مئی 2025 تک جاری رہیں گے ۔۔
جن میں صوبے کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے سکول اور کالج کے کل 90,759 طلبہ شریک ہیں۔سکھر بورڈ کے دائرہ کار میں مجموعی طور پر 148 مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں ضلع خیرپور میں 74، گھوٹکی میں 35 اور سکھر میں 39 امتحانی مراکز شامل ہیں۔ خیرپور سب سے زیادہ تعداد یعنی 38,085 امیدواروں کے ساتھ امتحانات میں سرِ فہرست ہے ، جب کہ سکھر سے 26,765 اور گھوٹکی سے 25,909 طلبہ شریک ہو رہے ہیں۔امتحان میں شریک امیدوار پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، آرٹس، کامرس، کمپیوٹر سائنس سمیت دیگر گروپس سے تعلق رکھتے ہیں، جن کے نظریاتی پرچے شیڈول کے مطابق مختلف مضامین میں لیے جائیں گے ۔ناظمِ امتحانات کی ہدایت پر امتحانات کی شفافیت کے لیے 24 انسپیکشن ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں بورڈ اور محکمۂ تعلیم کے افسران شامل ہیں۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ سے دفعہ 144 کے نفاذ کی درخواست کی گئی ہے تاکہ امتحانی مراکز کے اطراف پر کسی بھی قسم کے غیر ضروری ہجوم یا مداخلت سے بچا جا سکے ۔امتحانی مراکز میں امیدواروں کو خاموشی، وقت کی پابندی اور تعلیمی ضوابط کی مکمل پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ہر مرکز پر طبی اور آئسولیشن کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری ردِ عمل ممکن ہو۔